ہلدی وہ مصالحہ ہے جو پاکستان اور ہندوستان سمیت ایشیا بھر میں عام استعمال ہوتی ہے۔ جدید تحقیق کی روشنی میں آئے دن اس کے حیرت انگیز جسمانی اور طبی فوائد سامنے آتے رہتے ہیں۔ ہلدی کو گہری پیلی رنگت دینے والا مرکب سرکیومِن فوائد سے بھرپور ہے۔
اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہلدی جسم کی اندرونی سوزش کم کرتی ہے اور دورانِ خون کو بہتر کرتی ہے۔ اس میں کولیسٹرول معمول پر رکھنے کی غیر معمولی صلاحیت پائی جاتی ہے۔
ایک اور تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ عمر رسیدہ افراد میں ہلدی کا باقاعدہ استعمال ان کی ہڈیوں کومضبوط رکھتا ہے اور ان کی اندرونی کثافت کو بڑھاتا ہے۔ تجربے میں ماہرین نے درمیانی اور بڑھاپے والی عمر کے سینکڑوں افراد کو چھ ماہ تک ہلدی کے سپلیمنٹ دیئے جس سے ان کی ہڈیوں کی کثافت میں 7 فیصد تک اضافہ نوٹ کیا گیا۔
اسی طرح ایک اور دلچسپ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کے ہلدی کا استعمال جوڑوں کے درد کو دور کرتا ہے اور ہڈیوں کو توانا رکھنے میں مددگار ہوتا ہے۔
حال ہی میں چوتھے درجے کی کینسر میں مبتلا ایک خاتون نے اپنے کینسر کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے ایک سال تک ہلدی کا جزو سرکیومن کیپسول کی صورت میں کھایا جس سے اس کا کینسر غائب ہوگیا ۔ اس اہم واقعے کے بعد ڈاکٹروں کی ایک ٹیم اب اس خاتون کا معائنہ کررہی ہے۔
ہلدی میں موجود کئی اہم عناصر دماغ و ذہن پر مثبت اثر ڈالتے ہوئے دماغی خلیات یا نیورونز کے نئے کنیکشن بناتے ہیں۔ اس طرح کئی طرح کے دماغی امراض سے بچا جاسکتا ہے۔
اسی طرح ہلدی ذہنی تناؤ اور ڈپریشن کو دور کرنے میں بہت اہم ثابت ہوئی ہے۔
ہلدی میں موجود سرکیومِن خون کی نالیوں کے اندرونی حصوں کو لچکدار اور تندرست رکھتا ہے۔ اس طرح دل کی شریانیں تنگ نہیں ہوتیں۔ ہلدی کا باقاعدہ استعمال ہارٹ اٹیک اور فالج کو دور رکھتا ہے۔
Tags:
صحت