سمندری کچرے سے شارک کا مجسمہ تیار



سمندری کچرے سے شارک کا مجسمہ تیار


اورلینز کے چڑیا گھر میں سمندر سے جمع کیے گئے پلاسٹک کی بوتلوں اور دیگر کچرے سے تیار دیوہیکل شارک کے مجسمے کی نمائش جاری ہے۔



ساحلوں کی صفائی کے نام سے جاری مہم کے دوران رضاکاروں نے ہزاروں کی تعداد میں پلاسٹک کی بوتلیں، تھیلیاں اور دیگر کچرا جمع کیا تھا۔ رضا کاروں کے لیے اتنی بڑی تعداد میں جمع ہونے والے کچرے کو تلف کرنا بھی ایک مسئلہ تھا جب کہ اس کچرے کی مقدار اور نقصانات سے عوام کو بھی آگاہ کرنا ضروری تھا۔



پروجیکٹ ڈائریکٹر انجیلا ہیزلٹن پوزی نے اس کچرے کو تلف کرنے کے بجائے ایک انوکھی ترکیب سوچی اور اس کچرے سے دیوہیکل شارک ڈیزائن کی جسے اب نمائش کے لیے پیش کردیا گیا ہے۔ پوزی کا کہنا تھا کہ کچرے سے شارک تیار کرنے کا مقصد عوام کو اس حقیقت سے آگاہ کرنا ہے کہ وہ کتنے بڑے پیمانے پر سمندر میں کچرا پھینکتے ہیں جس سے پوری ایک شارک بنائی جاسکتی ہے۔



سمندر میں پلاسٹک کے مکمل طور پر نابود ہونے کا عرصہ بہت طویل ہے جس کی وجہ سے سمندری حیات اور نباتات پر تباہ کن اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ حال ہی میں ایک مادہ شارک کے معدے میں پلاسٹک کے 5 بڑے تھیلے بھرگئے تھے جس کی وجہ سے سانس لینے میں دشواری کے باعث شارک دوران علاج ہی مرگئی تھی۔



Post a Comment

Yahan Comments Karein

Previous Post Next Post